ممبئی ،2؍جولائی (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا ) بامبے ہائی کورٹ نے ایس سی ایس ٹی ایکٹ کے تحت درج ایک کیس میں ملزم شخص کو پیشگی ضمانت دیتے ہوئے کہا کہ بھگوا پرچم لہرانا اور نعرے لگانا اس قانون کے تحت جرم کے زمرے میں نہیں آتا۔ جسٹس کی بینچ نے حال ہی میں کلیان پولیس تھانے میں درج معاملے میں راہل مہاجن نام کے شخص کو پیشگی ضمانت دے دی۔ خصوصی عدالت کی طرف سے گزشتہ سال پیشگی ضمانت کی درخواست مسترد کئے جانے کے بعد مہاجن نے ہائی کورٹ میں اپیل کی تھی۔ ہائی کورٹ نے جولائی 2018 میں انہیں گرفتاری سے عبوری راحت دی تھی۔ مہاجن کے مطابق تین جنوری 2018 کو درج ایف آئی آر میںایس سی ایس ٹی ایکٹ کے تحت کوئی جرم ثابت نہیں ہوتا ہے ۔ ایف آئی آر میں ان کی طرف سے جس جرم کا ذکر کیا گیا ہے اس میں صرف نعرے لگانا اور بھگوا پرچم لہرانا ہے۔مہاجن اور دیگر کے خلاف قریبی تھانے ضلع کے کلیان میں مبینہ مظاہرہ کو لے کر ایف آئی آر درج کیا گیا تھا ۔یہ لوگ مبینہ طور پر پونے کے بھیما- کورے گاؤں میں دو جنوری 2018 کو ہوئے فرقہ وارانہ تشدد کے خلاف مظاہرہ کر رہے تھے۔